نئی دہلی، 13؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )تنازعات سے خصوصی رشتہ رکھنے والے سبرامنیم سوامی کا نام ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔مرکزی حکومت کے خصوصی نوکر شاہوں کو ایک ایک کر کے نشانہ بنانے والے سوامی کے نشانے پر اس بار اٹارنی جنرل (اے جی)مکل روہتگی ہیں۔ایک ٹوئٹ کے ذریعے انہوں نے اے جی کے خلاف سخت تبصرہ کیاہے ۔اپنے ٹوئٹ میں سوامی نے لکھاکہ نفرت آمیز تقریر قانون کو لے کر میری عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔گھٹیا اٹارنی جنرل (مکل روہتگی)جس معاملہ میں مجھے بک کرنا چاہ رہے تھے، حکومت کی ہدایت پر انہیں وہ کیس واپس لینا پڑا۔ظاہر سی بات ہے کہ ان کے اس ٹوئٹ کے بعد سخت رد عمل آنا تھا اور وہ آیابھی ۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق مکل روہتگی نے اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ میں نے بھی ان کے خلاف ایسے الفاظ کا استعمال کر سکتا ہوں، لیکن میں ایسا نہیں کروں گا۔سوامی ایسے تیندوے کی طرح ہیں جو کبھی اپنے دھبوں نہیں چھوڑتا۔واقعی اکثر تنازعہ کھڑا کرنے والے سوامی کبھی ’خاموش‘نہیں رہ سکتے۔وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی ہائی کمان سے ملی نصیحتوں کے بعد بھی نہیں ۔واضح رہے کہ حال ہی میں وزیر اعظم نے کچھ دن پہلے ہی ایک انٹرویو کے دوران بالواسطہ طور پر سوامی کی جانب سے آئے بیانات کو لے کر سخت لہجے میں جواب دیا تھا۔انہوں نے کہا تھاکہ کوئی بھی اگرخود کوقانون سے اوپر سمجھتا ہے تو یہ غلط ہے۔چاہے یہ میری پارٹی میں ہو یا نہیں، میرا خیال ہے کہ یہ چیزیں غیر مناسب ہیں۔ شہرت پانے کی اس خواہش سے کبھی ملک کا بھلا نہیں ہوگا۔یہی نہیں،سوامی کے نشانہ پر رہے آر بی آئی گورنر رگھو رام راجن کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھاکہ راجن کی حب الوطنی کسی سے کم نہیں ہے۔وہ ہندوستان سے محبت کرتے ہیں، وہ جہاں بھی رہیں گے، ہندوستان کے لیے کام کریں گے۔قابل ذکرہے کہ سوامی کے نشانے پر اس سے پہلے بھی حکومت کے نوکر شاہ رہ چکے ہیں۔ریزرو بینک کے گورنر رگھو رام راجن کو ملک کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے راجن کو شکاگو بھیجنے کا مطالبہ تک کر ڈالا تھا ۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے خیال سے آر بی آئی گورنر اس ملک کے لیے موزوں نہیں ہے۔میں ان کے بارے میں زیادہ نہیں بولنا چاہتا۔انہوں نے افراطِ زرکنٹرول کرنے کی آڑ میں سود کی شرح میں اضافہ کیا ، جس سے ملک کو نقصان ہوا ہے۔گورنر کے اقدامات سے صنعتی سرگرمیاں کم ہوئی ہیں اور معیشت میں بے روزگاری بڑھی۔جتنی جلد ان کو شکاگو واپس بھیجا جائے اتنا اچھا ہو گا۔غور طلب ہے کہ رگھو رام راجن خود آر بی آئی گورنر کے طور پر دوسری مدت لینے سے انکار کر چکے ہیں اور ستمبر میں ان کی مدت کار ختم ہو رہی ہے۔